الخدمت فاؤنڈیشن بنو قابل پروگرام کے سیشن 2024 کی گریجویشن تقریب کا انعقاد آج ایکسپو سینٹر لاہور میں ہوا۔ تقریب میں گزشتہ برس کے دوران 28 مختلف آئی ٹی کورسز کے ذریعے فری لانسنگ اسکلز حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء شریک ہوئے، کامیاب طلبا و طالبات کو بنو قابل گریجویشن سرٹیفیکیٹ بھی دیئے گئے۔
بنو قابل پروگرام کے پیٹرن انچیف اور سربراہ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل گریجویٹس اب اپنے طور پر یا بنو قابل جاب پورٹل کے ذریعے ملازمت حاصل کر کے باعزت روزگار کما سکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کا 65 فیصد سے زائد حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ملک میں قدرتی وسائل کی فراوانی ہے، ملکی آئین ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ کرتا ہے لیکن زمینی حقائق مختلف ہیں، پونے 3 کروڑ کے لگ بھگ بچے سکولوں سے محروم ہیں جنھیں تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے بہت زیادہ مواقع ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے بنوقابل پروگرام کا آغاز 2022 میں کراچی سے ہوا، یہ اب پورے پاکستان میں پھیلایاجا رہا ہے۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے پسماندہ اضلاع ہمارا ٹارگٹ ہیں، وہاں کیمپس قائم کرکے نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگر جدید کورسز کروائیں گے، جن کی بدولت یہ نوجوان اپنے سمیت دیگر نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کا بھی ذریعہ بنیں گے۔
سربراہ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ 16 کروڑ نوجوان پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں۔ الخدمت کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو انتہائی محنت سے اس سرمائے کو محفوظ اور قابل بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ 50ہزار طلباء بنوقابل پروگرام کے ذریعے کورسز کے بعد عملی زندگی کا آغاز کر چکے ہیں، وہ نہ صرف اپنا روزگار کما رہے ہیں بلکہ دیگر نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ دو برس میں 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگر کورسز کروانے کے بعد روزگارمیں معاونت ہمارا ہدف ہے۔
تقریب میں موجود الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، فری لانسنگ، ای کامرس،آئی ٹی سمیت 28 فری کورسز کروائے جارہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ڈویژنل ہیڈ کواٹرز اور پسماندہ اضلاع میں بنوقابل پروگرام کے سنٹرز کا قیام جاری ہے،جن کی بدولت نوجوان جدید اسکلز سے آراستہ ہو کر اپنے خاندانوں کی کفالت کے قابل بن سکیں گے۔
الخدمت بنو قابل آئی ٹی اور روزگار پروگرام ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے، جس کے تحت ناصرف مفت کورسز کروائے جارہے ہیں بلکہ اس کے بعد ملازمت کی تلاش کے لیے جاب پورٹل بھی فعال رکھا گیا ہے۔ گریجویٹ ہونے والے طلبہ وطالبات فوری طور پر اس پورٹل کے ذریعے اپنے لیے معاش کا انتظام کر سکتے ہیں جب کہ انڈسٹری کو اگر مطلوبہ صلاحیتوں کے افراد درکار ہوں تو وہ بھی یہاں ایسے لوگ منتخب کر سکتے ہیں۔