آ
جنرل عاصم منیر کی والدہ انتقال کر گئیں:آرمی چیف نے نمازہ جنازہ پڑھایا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ ماجدہ انتقال کر گئیں ، ان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، آرمی چیف نےاپنی والدہ کا نماز جنازہ خود پڑھایا۔
جنرل سید عاصم منیر کی والدہ ماجدہ کی نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف،سابق وزیراعظم نواز شریف،چئیر مین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق وفاقی وزراء رانا ثنا ء اللہ،محسن نقوی،خواجہ آصف،مسلح افواج کےسربراہان، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ،سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں اور دعائیں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی غمزدہ خاندان کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے دکھ میں شریک ہیں اور اللہ سے دعا گو ہیں کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔”
اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس غمگین موقع پر جنرل عاصم منیر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحومہ کی بلند درجات کے لئے دعا کی اور کہا کہ “ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالٰی ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔”
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “جنرل عاصم منیر کی والدہ کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالٰی ان کے خاندان کو صبر دے۔”
اسی طرح سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی اس موقع پر تعزیت کی اور کہا کہ “والدین کا انتقال ہمیشہ ایک ناقابل بیان درد ہوتا ہے۔ اس غم میں ہم سب برابر کے شریک ہیں اور جنرل عاصم منیر کے ساتھ ہیں۔”
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے بھی جنرل عاصم منیر کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ “ماں کی رحلت ایک ایسا صدمہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ ان کے خاندان کو صبر دے اور مرحومہ کی مغفرت کرے۔”
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی جنرل عاصم منیر کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ مرحومہ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔”
پوری قوم اس دکھ میں ان کے ساتھ ہے اور اللہ سے دعا گو ہے کہ مرحومہ کی مغفرت کرے اور سوگوار خاندان کو صبر دے
۔
مزید پڑھیں: ‘بیٹیوں کی گرفتاری اور ہماری ماؤں بہنوں کی بے حرمتی’ اختر مینگل کا بلوچستان میں لانگ مارچ کا اعلان