کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی کی گئی، شارع نور جہاں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں 1300 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے والے گروہ کے تین ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق کے مطابق گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی سینکڑوں وارداتوں اور اے ٹی ایم کے قریب شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث رہے ہیں۔
یہ گروہ ہر دوسرے دن شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری یا چھیننے کی واردات کرتا تھا اور پھر چوری شدہ گاڑیاں فوری طور پر دوسرے ہی دن اپنے ساتھیوں کو کراچی میں فروخت کر دیتا تھا۔
مزید پڑھیں: بادامی باغ پولیس کی کاروائی ،ناٹ فار سیل سرکاری ادوایات سیل کرنے والے چار ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق ملزمان نے اب تک 1200 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کی ہیں، جب کہ ڈیڑھ سو سے زائد چھینی ہیں۔
گرفتار ملزمان پر پولیس مقابلے، اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔