April 19, 2025 10:48 pm

English / Urdu

Follw Us on:

بلاول بھٹو کی پی ٹی آئی کے ساتھ سیکیورٹی مذاکرات کی پیشکش، وفاقی حکومت نے پیشکش قبول کرلی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
بلاول بھٹو کی پی ٹی آئی کے ساتھ سیکیورٹی مذاکرات کی پیشکش، وفاقی حکومت نے پیشکش قبول کرلی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ سیکیورٹی مسائل پر بات چیت کے آغاز کی پیشکش کو وفاقی حکومت نے قبول کر لیا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے اگر بلاول بھٹو پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات شروع کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو پی ٹی آئی سے سیکیورٹی مذاکرات کے لیے رضامندی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا اور وہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس دوبارہ طلب کرنے میں کوئی رکاوٹ محسوس نہیں کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “بلاول بھٹو پہلے ہی حکومت کا حصہ ہیں اور اگر پی ٹی آئی اور حکومتی اتحاد کے درمیان بات چیت کامیاب ہوتی ہے تو یہ حکومت کے لیے کامیابی ثابت ہو گی۔”

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان رپورٹس کی تصدیق کی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں اقتدار کی تقسیم کے معاملے پر پی پی پی سے اپنا حصہ مانگا ہے۔

یہ پیش رفت ایک روز قبل اُس وقت ہوئی جب بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ قومی سلامتی کے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلائیں تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف ایک مشترکہ قومی اتفاق رائے تشکیل دیا جا سکے۔

بلاول نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ آنا چاہیے تاکہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

بلاول نے اپنے بیان میں کہا کہ “ملکی مفاد میں ہمیں اپنی ذاتی سیاست کو بالائے طاق رکھ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، اور تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کو یکجا ہونا پڑے گا۔”

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا ایک بڑا اتحاد “تحریک تحفظ آئین پاکستان” نے اس کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں شرکت سے انکار کیا تھا جس کا بڑا سبب عمران خان کی قید میں موجودگی بتایا گیا۔

یہ اجلاس جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود تھے اور بلوچستان کے ضلع بولان میں جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ اور ملک بھر میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر بلایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب، 2 ارب ڈالر قرض کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس