ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ میں منگل کے روز ہزاروں افراد نے ایک نئے قانون کے خلاف احتجاج کیا، جو LGBTQ+ کمیونٹی کے سالانہ پرائیڈ مارچ پر پابندی عائد کرتا ہے اور اس کے منتظمین اور شرکاء کی شناخت کے لیے چہرے کی شناخت کے سافٹ ویئر کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔
یہ قانون گزشتہ ہفتے ہنگری کی پارلیمنٹ میں حکمراں فیڈز پارٹی کے قانون سازوں نے منظور کیا تھا۔ حکام نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ پرائیڈ مارچ بچوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
وزیر اعظم وکٹر اوربان، جو 2010 سے اقتدار میں ہیں اور 2026 کے انتخابات سے قبل ایک نئی اپوزیشن پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں، LGBTQ+ کمیونٹی پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں انہوں نے ہنگری میں آزاد میڈیا اور غیر سرکاری تنظیموں کی غیر ملکی فنڈنگ پر بھی کریک ڈاؤن کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
مظاہرے کے منتظم اور پارلیمنٹ کے آزاد رکن، اکوس ہدازی نے فیس بک پر لکھا کہ یہ قانون صرف پرائیڈ مارچ پر پابندی لگانے کے لیے نہیں، بلکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے احتجاج کو دبانے کا راستہ ہموار کرنے کے لیے ہے۔
مظاہرے کے دوران، تقریباً 2000 افراد نے شرکت کی۔ اپوزیشن مومینٹم پارٹی کے کارکنوں اور دیگر مظاہرین نے “یورپ” اور “فلیتھی فیڈز” (گندی فیڈز) کے نعرے لگاتے ہوئے ایک اہم پل کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔
احتجاج میں شریک 72 سالہ ززوسا سزابو، جو بوڈاپیسٹ کے مشرق میں واقع قصبے کیچکیمیٹ سے آئی تھیں، نے کہا کہ یہ احتجاج صرف پرائیڈ مارچ کے بارے میں نہیں، بلکہ آزادی اظہار اور اجتماع کے بنیادی حق کے دفاع کے لیے ہے، جسے حکومت محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
گزشتہ منگل کو بھی بل کی منظوری کے خلاف مظاہرین نے وسطی بوڈاپیسٹ میں ایک پل بلاک کر دیا تھا۔ بوڈاپیسٹ کے لبرل میئر گرجیلی کاراکسنی نے اس قانون کو تنقید کا نشانہ بنایا، جب کہ اپوزیشن مومینٹم پارٹی کے ارکان نے پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے دوران احتجاجاً دھوئیں کے شعلے جلائے۔
پرائیڈ فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کا ایونٹ بچوں کے لیے کسی بھی طرح کا خطرہ نہیں ہے، اور وہ حکومتی پابندی کے باوجود سالانہ پرائیڈ مارچ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔