یمن میں ایک آن لائن ویڈیو گیم کی معمولی تکرار خونی تصادم میں بدل گئی جب ایک معمر شخص نے غصے میں آ کر دو نوجوان بھائیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
یہ المناک واقعہ ‘وادی عمد ضلع’ میں افطار سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔
مقامی ذرائع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق، تنازعہ ایک کیفے میں شروع ہوا جو ملزم کے گھر کے قریب واقع تھا۔ یہاں دو بھائیوں، 20 سالہ علی محمد بوصلیب اور 18 سالہ ماجد نے ملزم کے بیٹے کے ساتھ مشہور آن لائن گیم PUBG کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد ان کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی اور جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔
ملزم کا بیٹا اس تکرار کے بعد اپنے 55 سالہ والد ‘اماب’ کے پاس پہنچا اور ساری صورتحال بتائی۔
باپ نے بغیر کسی توقف کے بندوق اٹھائی اور جائے وقوعہ پر جا کر دونوں بھائیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے بعد ملزم نے خود کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا اور یمنی وزارت داخلہ کے مطابق، فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا ہے مگر دونوں بھائی پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔
پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس لرزہ خیز جرم کی تمام تفصیلات سامنے لائی جاسکیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اس قتل نے علاقے میں خوف اور غم کی لہر پیدا کردی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔