Follw Us on:

’جرم کے بغیر صحافیوں کو اٹھائے جانے کی حمایت نہیں کرسکتے‘ صحافی تنظیمیں

اظہر تھراج
اظہر تھراج
کالا قانون: پیکا ایکٹ کی ترامیم (فائل فوٹو)(گوگل)

کراچی پریس کلب اور پی ایف یو جے نے صحافی وحید مراد کی پیکاایکٹ کے تحت گرفتاری اور فرحان ملک کو مقدمے میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کی ہے، صحافی برادری کا کہنا ہے کہ ملک میں صحافت کو جرم بنا دیا گیا ہے،حکومت صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک میں صحافت کو جرم بنادیا گیا ہے۔ تواتر کے ساتھ صحافیوں کی گرفتاریاں پیکاایکٹ کا شاخسانہ ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ دنیا بھرمیں حکومت اور ریاست کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔ حکومت صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے ۔

صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی یوجے ایف) کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ایف یو جے وحید مراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتی ہے اور اغوا کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: صحافی وحید مراد کے خلاف درج ایف آئی آر منظرعام پر، ’جرم‘ کیا ہے؟

پی ایف یوجے نے پیکا ایکٹ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس(ورکرز) کے صدر فرخ شہبازوڑائچ نے کہا ہے بغیر کسی نوٹس کے گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں، ادارے اغوا کار نہ بنیں، آئین اور قانون کے دائرے میں کام کریں۔

اے پی این ایس کے عہدیدار نوید چوہدری نے کہا ہے کہ حلال روزی کمانے والے صحافی فیک نیوز کے سب سے بڑے مخالف ہیں، فیک نیوز صحافت کا قتل ہے، دوسرا بیرون ملک بیٹھے کسی شخص کے ذریعے کوئی چیزریاستی اداروں اور قومی مفادات کے خلاف چلائی جائے شرانگیزی ہے۔ ’ڈیجیٹل دہشت گردی‘ ہے۔

 پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پوری ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں جن کے خلاف کارروائی ہورہی ہے یہ ’مشکوک رابطے‘ تھے۔ خبر کی وجہ سے گرفتاری ہے تو یہ غلط ہے، خبر کے نام پر ٹرولنگ بھی غلط ہے۔ غلط خبر کے نام ’ٹرولنگ‘ کی جارہی ہے تو یہ صحافت نہیں ہے۔

Pakistani journalist A Waheed Murad kidnaped from Islamabad; report

لاہور پریس کلب کے ممبر گورننگ باڈی مدثرشیخ نے کہا ہے جرم کے بغیر صحافیوں کو اٹھائے جانے کی حمایت نہیں کرسکتے۔ ریاستی اداروں کے خلاف کوئی بات کی جاتی ہے تو اس کی روک تھام قانون کے دائرے میں ہونی چاہئے۔ خبر سامنے لائی جائے مگر ملک دشمنی پر نہیں اترنا چاہئے۔ بلوچستان کے معاملے پر ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ 

پاکستان میٹرز سے گفتگو میں گرفتار اور لاپتہ صحافیوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غیرقانونی طورپرلاپتہ کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے صدر ساجد خان نے کہا ہے کہ صحافیوں کو جبری طور اٹھانا ایک قابل مذمت ہے، ریاستی ادارے قانون کا غلط استعمال کررہے ہیں جو نہیں ہونا چاہئے۔

پی یوجے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرزمان بھٹی نے بھی صحافیوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی گرفتاری بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اظہر تھراج

اظہر تھراج

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس