وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور نے عید الفطر کے دوران نکاسی آب اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کر لیے، تمام آپریشنل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی، جب کہ واسا کے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سیوریج سسٹم، پانی کی سپلائی اور نکاسی آب کا نظام ہر صورت فعال رکھا جائے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر آپریشنز اور انجینئرنگ ونگ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی طے کر لی گئی۔
شہر کے تمام ٹاؤنز کے ڈائریکٹرز کو خصوصی سروے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی جگہ کھلا مین ہول، پانی کا اوور فلو یا کوئی اور مسئلہ ہو تو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عید الفطر کے موقع پر تمام فیلڈ دفاتر کو 24 گھنٹے متحرک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ ڈرینز کی صفائی شیڈول کے مطابق کی جائے گی۔ اسی طرح ترقیاتی اسکیموں کے اردگرد حفاظتی اقدامات کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور کھلے گڑھوں کی فوری مرمت کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں : آخری حد تک کوشش کروں گا کہ پاکستان کو قرضوں سے نجات دلاؤں، شہباز شریف
سیوریج کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جب کہ کسی بھی مشینری کی خرابی کی صورت میں فوری مرمت کروانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
عید الفطر کے دوران واسا کا آپریشنل عملہ تین شفٹوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور رہے گا، جب کہ ٹیوب ویلز کی ٹائمنگ کے دوران بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے اور ان منصوبوں کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔