Follw Us on:

پنجاب کابینہ اجلاس: بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹ بنانے کا اصولی فیصلہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 24واں اجلاس ہوا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 24واں اجلاس ہوا، جس میں عوامی فلاح و بہبود، سیکیورٹی، معیشت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس  میں ایوی ایشن کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلع بھکر میں ایئر ایمبولینس سروس کے لیے ایئر اسٹرپ کی تعمیر کے فنڈز بھی منظور کر لیے ، پنجاب میں ایئر لائن سروس کے آغاز کی تجویز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، اس کے علاوہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ جنسی جرائم کی مؤثر تفتیش کے لیے خصوصی انویسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لیے پنجاب آرمز آرڈیننس کے تحت سزائیں مزید سخت کر دی گئیں، جبکہ فسادات سے نمٹنے کے لیے 2000 اہلکاروں پر مشتمل رائٹ مینجمنٹ فورس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے تحت کابینہ نے 40 ہزار خصوصی طلبہ کو وزیراعلیٰ کی جانب سے عید گفٹ دینے کا فیصلہ کیا، جبکہ گریڈنگ سسٹم کے لیے ورلڈ بینک کے ساتھ معاہدے کی منظوری بھی دی گئی۔ صحت کے شعبے میں شیخ زاہد میڈیکل کالج، رحیم یار خان کے نئے کارڈیک سینٹر کے لیے بھرتیوں کی اجازت دی گئی، جبکہ پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں 3904 نئی آسامیوں کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں نادار اور مستحق افراد کے لیے قانونی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب لیگل ایڈ رولز میں ترامیم کی گئیں، جبکہ عوامی سہولت کے پیش نظر پیدائش اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ایک سال کے لیے معاف کر دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت میں آتے ہی سفارشوں کی لائن لگ گئی، مگر کسی بھی سفارش پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاء آفیسرز کی 100 فیصد میرٹ پر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کو اس پر اعتراض نہ ہو۔

کابینہ اجلاس میں دیگر امور پر بھی غور کیا گیا، جن میں رمضان پیکج، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات شامل تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لائی جائے اور گورننس کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس