نیپیئر میں کھیلے گئے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے ہرا دیا۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔ مارک چیپمین نے شاندار 132 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ ڈیرل مچل نے 76 رنز اسکور کیے اور محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی طرف سے عرفان خان نے 3، جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے کیا۔ عثمان خان 39 اور عبداللہ شفیق 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان محمد رضوان 30 رنز بنا کر چلتے بنے۔ سلمان علی آغا نے 58 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی اور 83 گیندوں پر 78 رنز بنائے، لیکن ان کی اننگز ٹیم کو فتح دلانے کے لیے کافی نہ رہی۔
پاکستان کی پوری ٹیم 45ویں اوور میں 271 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، اور نیوزی لینڈ نے 73 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی ٹیم میں عبداللہ شفیق، عثمان خان، بابراعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، حارث رؤف، عاکف جاوید اور محمد علی شامل تھے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔