اپریل 5, 2025 1:10 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

’’ہمارے پاس وفاقی حکومت گرانے کی طاقت ہے‘‘ وزیراعلیٰ سندھ کی دھمکی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
"سندھ کے مقامی چینلز مروٹ کینال کے حوالے سے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں"وزیر اعلیٰ سندھ( فائل فوٹو)

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چولستان کینال منصوبے پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وفاقی حکومت گرانے کی طاقت ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اختیارات کا استعمال کرے گی۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کی کمی سندھ کے لیے سب سے اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے انڈس ریور سسٹم میں پانی کی کمی کا مکمل ریکارڈ موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی واپڈا اسٹڈی ناقص اور متنازع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کے بعد 60 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہوگا، تاہم اس پر بھی اعتراضات موجود ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب حکومت چناب دریا سے پانی لینے کے لیے چولستان کینال بنانے کی تجویز دے رہی ہے، جس پر سندھ کو سخت اعتراض ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر 27 ایم ایف پانی ڈیلٹا میں جا رہا ہے تو ڈیلٹا سرسبز کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں اٹھایا جائے گا اور سندھ اس کی بھرپور مخالفت کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بتایا گیا تھا کہ اضافی زمین آباد کرنے کا منصوبہ ہے، جس پر انہوں نے شرط رکھی تھی کہ صوبے متفق ہوں۔ تاہم، اجلاس کے منٹس میں غلط بیانی کی گئی اور منصوبے کو آگے بڑھایا گیا۔

مراد علی شاہ نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت نے گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زمین دی اور وہاں سولر سسٹم اور ٹیوب ویلز لگا کر کارپوریٹ فارمنگ شروع کی، جبکہ سندھ کو اس منصوبے سے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔

گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زمین دی اور وہاں سولر سسٹم اور ٹیوب ویلز لگا کر کارپوریٹ فارمنگ شروع کی

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے چولستان کینال کے خلاف قرارداد منظور کی ہے اور یہ معاملہ اقتصادی کمیٹی (ایکنک) میں بھی زیر بحث آئے گا، جہاں سندھ بھرپور مخالفت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور یہ وفاقی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے بغیر نہیں چل سکتی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چولستان کینال منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور سندھ حکومت نے مارچ میں اپنی ٹیم بھیجی تو معلوم ہوا کہ وہاں کینال کی تعمیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ امیجز سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ جولائی اور اگست میں وہاں کام شروع کیا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ 218 ارب روپے کا تھا جو اب 225 ارب تک پہنچ چکا ہے، اور اس کا اصل تخمینہ ایک ٹریلین روپے سے زائد ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پی سی ون میں پہلے سال 45 ارب روپے خرچ کرنے کی تفصیلات دی تھیں، جبکہ سندھ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ ہماری زندگی ہے، اور وفاق کو سندھ کی بات ماننی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وفاقی حکومت کے خاتمے کی خواہشمند ہے، لیکن ہم اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے اور آئینی و قانونی طریقے سے اس منصوبے کی راہ روکیں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس