کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں ایک کمپنی میں بورنگ کے دوران رات گئے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، کھدائی تقریباً 1200 فٹ تک جاری تھی۔ 16 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ مکمل طور پر نہیں بجھائی جا سکی، تاہم فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔
ترجمان سوئی گیس کے مطابق اس مقام پر کوئی گیس لائن موجود نہیں، جس کی وجہ سے گیس لائن میں آگ لگنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
ریسکیو ٹیموں کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام بھی موقع پر موجود ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان فیصل وٹو کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے فوم اور مٹی ڈالنے کے طریقے ناکام ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس آگ کو قدرتی گیس کا نتیجہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا اور اس کی وجوہات کا تعین آگ بجھنے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
عینی شاہدین کے مطابق رات کے وقت شعلے تقریباً 30 سے 40 فٹ کی بلندی تک پہنچ رہے تھے۔ ابتدا میں فائر بریگیڈ کے 10 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف تھے، جب کہ بعد میں مزید نفری کو طلب کیا گیا۔
واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ اس کھدائی کی کوئی سرکاری اجازت نہیں دی گئی تھی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔