پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حالات تاحال گھمبیرہیں، آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق قلات میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے قلات میں 6 دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے قلات میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردوں کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
دریں اثنا بلوچستان انتظامیہ نے متعدد اضلاع میں قومی شاہراہوں پر رات میں سفر سے روک دیا گیا۔
مزید پڑھیں: مستونگ: دھرنے کے قریب خودکش دھماکا، اختر مینگل بال بال بچ گئے
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی شاہراہوں پرشام 6 سے صبح 6 بجے تک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ سبی شاہراہ، ژوب ڈی آئی خان شاہراہ اور کوسٹل ہائی وے پر بھی رات کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ کوئٹہ تفتان شاہراہ، لورالائی ڈیرہ غازی خان شاہراہ پر بھی رات کا سفر ممنوع قرار دے دیا گیا۔
واضح رہےکہ بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ پر فائرنگ اور مسافروں کو قتل کرنے کے پے درپے واقعات سامنے آئے ہیں اور حال ہی میں گوادر میں بس سے اتار کر 6 مسافروں کو قتل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ سے رات کے اوقات میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔