فرض کریں آپ جو کھانا کھاتے ہیں وہ ختم ہوجائے، جس پیٹرول کی مدد سے آپ کی گاڑی چلتی ہے، وہ پیٹرول ختم ہوجائے اور سب سے بڑھ کر دنیا کی سب سے عظیم ترین نعمت پانی بھی آپ کی رسائی میں نہ رہے تو آپ کیا کریں گے۔ ہماری زمین ماحولیاتی تبدیلی کا شدت سے سامنا کر رہی ہے۔ اس اثنا میں ہمارے قدرتی وسائل تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔زیرو ویسٹ ڈے ان محدود وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے اور وسائل کا تحفظ کرنا سیکھاتا ہے۔
زیرو ویسٹ ڈے ہر سال 30 مارچ کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد فضلہ کم کرنے، ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ اور پائیدار طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔ یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ زمین کے قدرتی وسائل محدود ہیں اور ہمیں انہیں دانشمندی سے استعمال کرنا چاہیے۔
زیرو ویسٹ کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے روزمرہ کے معمولات میں ایسی تبدیلیاں کریں جن سے کچرا کم سے کم پیدا ہو۔ اس میں دوبارہ قابل استعمال اشیاء کو اپنانا، ری سائیکلنگ کو فروغ دینا، خوراک کے ضیاع سے بچنا اور پلاسٹک جیسے نقصان دہ مواد کا استعمال کم کرنا شامل ہے۔
اس دن کو منانے کے لیے مختلف ممالک میں آگاہی مہم چلائی جاتی ہیں، جس میں تعلیمی سیمینار، صفائی مہم اور پلاسٹک فری اقدامات شامل ہوتے ہیں۔
ہر فرد اپنی روزمرہ زندگی میں چھوٹے چھوٹے اقدامات کے ذریعے اس مہم کا حصہ بن سکتا ہے، جیسے کپڑے کے تھیلے استعمال کرنا، غیر ضروری اشیاء کی خریداری سے گریز کرنا اور گھریلو فضلہ کو کم سے کم کرنا۔
زیرو ویسٹ ڈے کا مقصد صرف ایک دن کی مہم نہیں بلکہ ایک ایسے طرز زندگی کو فروغ دینا ہے جو ماحول کے لیے محفوظ اور مستقبل کی نسلوں کے لیے بہتر ہو۔