پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر عید کے بعد توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی اور وہ تمام صورتحال سے آگاہ ہیں۔ عمران خان نے انہیں یقین دلایا ہے کہ جو بھی کیا، وہ بالکل درست تھا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنسیں اہم نہیں، بلکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں اہم ہیں۔
انہوں نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں وہی لوگ تنقید کر رہے ہیں، جن کا پہلے بھی کوئی اثر و رسوخ نہیں تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے خبردار کیا کہ اگر پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا تو سڑکوں پر آنا پڑے گا، انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے اور وقت کے ساتھ تمام فیصلے کیے جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ وہ کسی کو پارٹی سے نہیں نکالتے، بلکہ تمام فیصلے خود بانی پی ٹی آئی کرتے ہیں۔
انہوں نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کو بھی مسترد کر دیا۔