Follw Us on:

کاٹلنگ میں آپریشن کے دوران شہریوں کی ہلاکتوں پر انکوائری ہوگی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ali amin gandapur
صوبائی حکومت واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد اپنا مؤقف واضح کرے گی۔ (فوٹو: گوگل)

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ میں انسداد دہشتگردی آپریشن کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی جامع تحقیقات کا اعلان کردیا۔

نجی خبررساں ادارے ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران عام شہریوں کی شہادتیں افسوسناک ہیں اور اس معاملے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد اپنا مؤقف واضح کرے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے بھی آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاٹلنگ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، تاہم، اس دوران علاقے میں غیر مسلح شہری بھی موجود تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

مزید پڑھیں: عید پر بھی قیامت، امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیلی حملے فلسطینیوں کی خوشیاں چھین گئے

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ اور سوات سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ڈاکٹر امجد علی نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ حملہ ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا، جس میں گجر برادری کے ایک خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کے مطابق واقعے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ کچھ بچے تاحال لاپتہ ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس علاقے میں اس سے قبل بھی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئی ہیں، جن میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشتگرد مارے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح بھی 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، لیکن عام شہریوں کی شہادتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور عوام دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور صوبے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس