اپریل 4, 2025 4:21 شام

English / Urdu

Follw Us on:

‘مسلم حکمرانوں کے پاس ہر چیز ہے مگر غیرت اور ہمت نہیں’ امیر جماعت اسلا می

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
مسلم حکمراوں کے پاس ہر چیز ہے مگر غیرت اور ہمت نہیں' امیر جماعت اسلا می'

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ادارہ ‘نور حق’ میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ 

انہوں نے امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن اللہ کی طرف سے انعام اور رمضان المبارک کے روزوں کا نعم البدل ہے۔ تاہم، خوشیوں کے اس موقع پر فلسطین میں جاری ظلم و ستم ہر مسلمان کو غمزدہ کر رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے اسرائیل کی جانب سے عید کے پہلے اور دوسرے روز فلسطین پر کی گئی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی۔ 

انہوں نے کہا کہ قابض صیہونی فوج نے کھیلتے ہوئے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جبکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے فلسطینی عوام ملبے کے ڈھیر پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ 

حافظ نعیم الرحمٰن نے اسرائیل کے ساتھ ساتھ ان تمام ممالک پر بھی لعنت بھیجی جو اسرائیلی مظالم کی حمایت کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب اسرائیل پر اللہ کا عذاب نازل ہوگا اور جو ممالک اس کی پشت پناہی کر رہے ہیں وہ بھی اس انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر نے مسلم حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ہر چیز ہے مگر غیرت اور ہمت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کو بارود فراہم کرنے میں امریکا کا براہ راست ہاتھ ہے مگر افسوس کہ ہماری حکومت اور اپوزیشن دونوں امریکا کے خلاف مذمتی بیانات دینے کے بجائے اس کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی حامی کمپنیوں کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یکجہتی پیدا کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالفطر کی پرمسرت گھڑیاں، پاکستان بھر میں جوش و عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہیں

انہوں نے حکومت سے پوچھا کہ اگر کوئی غیر ملکی ایجنسی پاکستان میں متحرک ہے تو ہماری ایجنسیاں کیا کر رہی ہیں؟ انہوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اغواہ کیا جا رہا ہے ان پر بمباری کی جا رہی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے انکشاف کیا کہ بلوچستان میں بمباری کے ذریعے معصوم چرواہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ 

انہوں نے وزیر اعظم کے اس بیان کو جھوٹ قرار دیا کہ دہشت گردوں کو مارا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ اس ظلم کے ذمہ داروں کو قوم کے سامنے لانا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں استحکام لانے کے لیے وسیع پیمانے پر مذاکرات ضروری ہیں جن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔ اور انہوں نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی عید کے بعد ملک بھر میں ایک بڑی تحریک شروع کرے گی جس میں امن و امان کی خراب صورتحال، بجلی کے بلوں میں اضافے، چینی اور آٹے کی قلت جیسے عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور کہا کہ جماعت اسلامی تمام صوبوں میں احتجاجی ریلیاں نکالے گی تاکہ عوام کے مسائل کو ایوان اقتدار تک پہنچایا جا سکے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے فارم 47 کے ذریعے عوام پر زبردستی حکومتیں مسلط کرنے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کی مرضی کے بغیر فیصلے کیے جائیں گے تو فوج اور عوام کے درمیان دوریاں ختم نہیں ہوں گی۔ 

اگر فوج چاہتی ہے کہ عوام اور فوج کے درمیان اعتماد بحال ہو تو تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔

پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرے اور پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکالے۔

مزید پڑھیں:عید الفطر: ‘ہمیں کشمیر اور فلسطین کے مظلوم بھائیوں کو آج کے دن یاد رکھنا ہوگا’ شہباز شریف

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس