سویڈن نے یوکرین کے لیے 16 ارب کراؤن (1.6 بلین ڈالر) کا فوجی امدادی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے جو اس ناردک ملک کا اب تک کا سب سے بڑا امدادی پیکج ہے۔
سویڈش وزیر دفاع ‘پال جانسن’ نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس پیکج کا مقصد یوکرین کو جنگ کے مذاکرات میں ایک مضبوط پوزیشن میں لانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
جانسن کے مطابق اس پیکج کا سب سے بڑا حصہ نو ارب کراؤن کا ہے جو نئی فوجی سامان کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یہ خریداری سویڈن کے دفاعی سامان کی انتظامیہ کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پانچ ارب کراؤن مالی امداد کی صورت میں یوکرین کی دفاعی صنعت کو دیے جائیں گے۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ “ہم اب جنگ کے نازک مرحلے میں ہیں اور ہمارا مقصد یوکرین کی مکمل حمایت کرنا ہے تاکہ وہ جنگ کے مذاکرات میں مضبوط پوزیشن حاصل کر سکے۔”
یہ بھی پڑھیں: میں روسی تیل خریدنے والے ممالک پر اضافی ٹیکس عائد کر دوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ
جانسن نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام یورپی ممالک اپنی مدد میں اضافہ کریں کیونکہ “تمام ممالک کو مزید مدد فراہم کرنی چاہیے۔” ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت امریکا کی حمایت میں کمی کی صورت میں یورپ کو اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے یورپ کے پاس وسائل موجود ہیں۔
جانسن نے خبردار کیا کہ “میرے خیال میں یورپ کی دفاعی پیداوار میں اضافہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے نہ کہ مالی وسائل کی کمی۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین کی معیشت روس سے آٹھ گنا بڑی ہے اس لیے اگر ارادہ مضبوط ہو تو بھرپور مدد فراہم کرنا ممکن ہے۔
یہ امدادی پیکج یوکرین کے لیے سویڈن کی مسلسل حمایت کی علامت ہے اور حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2025 کے بجٹ میں یوکرین کی مدد کے لیے 40 ارب کراؤن مختص کیے جائیں گے جو پہلے طے شدہ 25 ارب کراؤن سے زیادہ ہیں۔
سویڈن کی طرف سے یہ امدادی پیکج یوکرین کے لیے نہ صرف مالی بلکہ دفاعی لحاظ سے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اس کا مقصد جنگ میں یوکرین کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ اس وقت جب دنیا بھر کی نظریں یوکرین پر مرکوز ہیں سویڈن کا یہ اقدام ایک پیغام دیتا ہے کہ عالمی برادری یوکرین کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی حمایت میں اضافہ کرتی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ‘امریکا اگر حملہ کرتا ہے تو ایران جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے’ آیت اللہ علی خامنہ ای