دنیا بھر میں یکم اپریل کو اپریل فول ڈے کے نام سے پکارا جاتا ہے، جس دن لوگ ہنسی مذاق اور شرارتوں میں مصروف رہتے ہیں، ایک دوسرے کو تنگ کرنا اور غلط خبر دینا عام ہوتا ہے، لیکن کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں یہ روایت ایک سنجیدہ مشن بن جاتی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے انٹرٹینمنٹ ٹائمز کے مطابق اپریل فول کی اصل تاریخ پر مورخین متفق نہیں، لیکن قدیم روم، قرونِ وسطیٰ کا یورپ اور برطانیہ کی مزاحیہ روایات اس دن کی جڑیں سمجھی جاتی ہیں۔ آج دنیا کے مختلف حصوں میں یہ دن منفرد انداز میں منایا جاتا ہے۔
فرانس: ‘اپریل فش’ کا منفرد مذاق
فرانس میں لوگ “Poisson d’Avril” یعنی “اپریل فش” کے نعرے کے ساتھ دوسروں کی پیٹھ پر کاغذی مچھلی چپکاتے ہیں۔ اس روایت کی اصل وجوہات تو کوئی نہیں جانتا، لیکن یہ فرانس میں اپریل فول کا روایتی انداز ضرور بن چکا ہے۔

اسکاٹ لینڈ: دو دن کا اپریل فول
اسکاٹ لینڈ میں یکم اپریل کو Hunt the Gowk Day منایا جاتا ہے، جس میں لوگوں کو بے کار اور عجیب و غریب کاموں پر بھیجا جاتا ہے، جب کہ اگلے دن Tailie Day منایا جاتا ہے، جس میں شرارتی نوٹس دوسروں کی پیٹھ پر چپکانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
پولینڈ: “خبردار! آپ کو دھوکہ دیا جا سکتا ہے”
پولینڈ میں اپریل فول (Prima Aprilis) کے موقع پر ہر کسی کو محتاط رہنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ یہاں ایک مقبول کہاوت ہے: “Prima Aprilis, uważaj, bo się pomylisz!” (اپریل فول، ہوشیار رہو—تمہیں دھوکہ دیا جا سکتا ہے!)۔ اس دن مذاق کا شکار بننے سے بچنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔

برازیل: ‘جھوٹ کا دن’
برازیل میں یکم اپریل کو Dia das Mentiras (یعنی جھوٹ کا دن) کہا جاتا ہے۔ یہاں پر اس دن جھوٹی خبریں، سنسنی خیز افواہیں اور حیران کن دعوے عام ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ایران: اپریل فول سے پہلے کا تہوار
ایران میں اپریل فول سے بھی پرانی ایک روایت موجود ہے جسے سزدہ بدر کہا جاتا ہے۔ یکم یا 2 اپریل کو منائے جانے والے اس دن میں لوگ فطرت کے قریب وقت گزارتے ہیں اور شرارتوں کا سہارا لیتے ہیں۔
جرمنی: خبروں میں مذاق
جرمنی میں Aprilscherz کے نام سے اپریل فول کی روایت موجود ہے، جہاں لوگ انتہائی مستند نظر آنے والی جعلی خبریں تیار کرتے ہیں۔ بڑے اخبارات بھی اس کھیل میں شامل ہو جاتے ہیں اور ایسی کہانیاں شائع کرتے ہیں جو عوام کو حیران کر دیتی ہیں۔

پرتگال: آٹے سے حملہ
پرتگال میں اپریل فول کا دن نہیں منایا جاتا، لیکن اس کی جگہ وہ روزوں سے قبل کے دنوں میں شرارتیں کرتے ہیں۔ ان کا سب سے پسندیدہ مذاق دوسروں پر آٹا پھینکنا ہوتا ہے۔
اسپین اور لاطینی امریکہ: اپریل کے بجائے دسمبر میں فول ڈے
اسپین اور کئی لاطینی امریکی ممالک 28 دسمبر کو Día de los Santos Inocentes کے نام سے ایک دن مناتے ہیں، جو اپریل فول سے مشابہہ ہے۔ اس دن شرارتوں کی مکمل آزادی ہوتی ہے، اور جو بھی ان چالوں کا شکار ہوتا ہے، اسے بس مسکرا کر برداشت کرنا پڑتا ہے۔
ان سب سے ایک چیز واضح ہوتی ہے کہ انسانی فطرت میں مزاح کی محبت ہر جگہ پائی جاتی ہے، مگر اپریل فول کے دن کسی پر بھروسہ کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔