پنجاب ایمرجنسی سروس نے ماہِ مارچ کے دوران صوبے بھر میں 1 لاکھ 84 ہزار 837 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 1 لاکھ 90 ہزار 104 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق گزشتہ ماہ صوبے میں 42,549 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 422 افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں پیش آنے والے 42,549 ٹریفک حادثات میں سے سب سے زیادہ 8,289 حادثات لاہور میں رپورٹ ہوئے، جن میں 41 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیگر شہروں میں فیصل آباد میں 2,982، ملتان میں 2,528، گوجرانوالہ میں 2,363، شیخوپورہ میں 1,551 اور راولپنڈی میں 1,363 حادثات پیش آئے، جب کہ باقی 23,453 حادثات دیگر اضلاع میں ہوئے۔
پنجاب ایمرجنسی سروس نے گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 1,48,837 ایمرجنسیز پر فوری رسپانس دیا، جن میں 1,19,312 میڈیکل ایمرجنسیز، 4,893 گرنے/سلپ ہونے کے واقعات، 4,356 ڈلیوری کیسز، 3,635 جرائم سے متعلقہ واقعات، 2,146 آتشزدگی کے واقعات، 1,864 پیشہ ورانہ حادثات، 762 جانوروں کو ریسکیو کرنے، 543 کرنٹ لگنے، 389 جھلسنے، 56 ڈوبنے، 36 عمارتیں گرنے اور 4,296 متفرق ریسکیو کیسز شامل تھے۔
پنجاب بھر میں آتشزدگی کے 2,146 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سب سے زیادہ 382 واقعات لاہور میں پیش آئے۔ دیگر شہروں میں فیصل آباد میں 180، راولپنڈی میں 145، ملتان میں 100، گوجرانوالہ میں 79 اور سیالکوٹ میں 79 آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں حادثات کی بڑی وجوہات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، تیز رفتاری اور لاپرواہی شامل ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ احتیاط برتیں اور حادثات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اپنائیں۔