صدر آصف علی زرداری کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
بدھ کے روز صدر ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
بیان میں تصدیق کی گئی کہ صدر زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے مختلف ٹیسٹ کیے، جن میں کووڈ-19 کی تشخیص ہوئی۔ ڈاکٹر حسین نے بتایا کہ صدر زرداری کو آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈاکٹر حسین کے مطابق “طبی ٹیم صدر زرداری کی حالت کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے 24 گھنٹے نگرانی کر رہی ہے۔” صدر زرداری کو صحت کی شکایات کے بعد نوابشاہ سے کراچی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری 4 اپریل کو ہونے والے جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔ڈاکٹرز کی جانب سے صدر زرداری کو صحت کی وجوہات کی بنا پر مسلسل آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اس خبر کی تردید کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر زرداری کو علاج کے لیے دبئی منتقل کیا جا رہا ہے۔ میمن نے کہا کہ صدر کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور وہ جلد مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فون کے ذریعے صدر زرداری سے بات کی، ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں دیں۔ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے بھی ڈاکٹر حسین سے رابطہ کیا، اپنی تشویش کا اظہار کیا اور صدر کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔