وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب، عظمیٰ بخاری نے رات گئے لاہور کے مختلف تھیٹرز پر چھاپے مارے، جن میں محفل تھیٹر، پرنس تھیٹر اور تماثیل تھیٹر شامل تھے،چھاپے کے دوران انہوں نے پانچ اداکاروں، ساجن عباس، نیلی، صائمہ خان، نایاب خان اور سونو بٹ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔
عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز کے کیفے ٹیریا، ڈریسنگ رومز اور ہالز کا جائزہ لیا اور وہاں کی صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ سٹیج ڈراموں کے گانوں اور اداکاراؤں کی ڈریسنگ پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب کے تھیٹرز میں بیہودگی اور بے حیائی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل کے افسران کے کام کے طریقہ کار پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ تھیٹرز میں کسی بھی فنکار نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تو اس پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں کسی کا رزق نہیں چھیننا چاہتی، لیکن اب تھیٹرز کا ماحول خراب کرنے والے پنجاب میں کام نہیں کریں گے۔انہوں نے تھیٹرز کے مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اچھے موضوعات پر مبنی ڈرامے بنائیں تاکہ عوام کو اچھی تفریح فراہم کی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ فنکاروں کے ساتھ ساتھ تھیٹرز کے مالکان کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے تاکہ تھیٹرز میں ایک مثبت اور تعمیری ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔