اپریل 5, 2025 3:53 شام

English / Urdu

Follw Us on:

ناتجربہ کاری اور غیر ذمہ داری: نیوزی لینڈ کا ون ڈے سیریز میں کلین سویپ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھی پاکستان ٹیم کی امیدیں دم توڑ گئیں، جب نیوزی لینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز سے فتح حاصل کی اور سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 265 رنز کا ہدف دیا، جو بظاہر قابلِ حصول تھا، لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناتجربہ کاری اور غیر ذمہ داری کا شکار ہو گئی۔ عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے 73 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا، مگر اس کے بعد وکٹیں ایسے گریں جیسے خزاں میں پتے جھڑتے ہیں۔ بابر اعظم نے کچھ دیر مزاحمت کی اور ففٹی بنائی، لیکن دوسرے سرے سے کوئی بھی بیٹسمین خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

کپتان محمد رضوان نے 37، جبکہ عبد اللہ شفیق اور طیب طاہر نے 33، 33 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیکب ڈفی نے 2 شکار کیے۔

میچ کے آغاز میں ہی پاکستان کو ایک دھچکا اس وقت لگا جب امام الحق فیلڈر کی تھرو لگنے سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ بعد ازاں پاکستانی ٹیم 40 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ میچ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جا رہا ہے۔ گزشتہ دن کی بارش کے باعث گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی تھی، جس کی وجہ سے ٹاس میں تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

تاخیر کے بعد ٹاس ہوا، جس میں پاکستان نے جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کی دیر سے شروعات کے باعث دونوں ٹیموں کی اننگز 42 اوورز تک محدود کر دی گئیں۔

نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔ کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ ماریو نے 58، ڈیرل مچل نے 43 اور ہینری نکلز نے 31 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ نے 2 جبکہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے۔ حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ پہلے ہی تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کے خلاف 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس