پاکستان ریلوے کی مشہور ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا دوبارہ آغاز ہونے جا رہا ہے، جو تقریباً پانچ سال بعد اپریل 2025 کے آخر میں سفر شروع کرے گی۔
خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو مارچ 2020 میں کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، لیکن اب وفاقی وزیر ریلوے، محمد حنیف عباسی کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں کے بعد یہ ٹرین دوبارہ عوامی سفر کے لیے دستیاب ہوگی۔
خوشحال خان خٹک ایکسپریس 19 اپ اور 20 ڈاؤن کے نام سے ایم ایل 2مین لائن پر چلنے والی ایک اہم اور منافع بخش ٹرین ہے، جو کراچی سے پشاور کے درمیان کئی اہم شہروں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ اس ٹرین کا روٹ کراچی سٹی، کوٹری، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، کندھ کوٹ، کشمور، راجن پور، ڈیرہ غازیخان، کوٹ ادو، کوٹ سلطان، لیہ، بھکر، کندیاں، میانوالی، جنڈ، اٹک سٹی، نوشہرہ اور پشاور کینٹ شامل ہیں۔
یہ ٹرین خاص طور پر اپنے منفرد روٹ کی وجہ سے اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ واحد مسافر ٹرین ہے جو کوٹری جنکشن سے اٹک سٹی جنکشن تک براستہ لاڑکانہ، ڈیرہ غازیخان، اور میانوالی سفر کرتی ہے۔ اس روٹ پر یہ ٹرین مختلف علاقائی شہروں کے مسافروں کے لیے ایک اہم سفری وسیلہ بنے گی۔
پاکستان ریلوے کی طرف سے اس ٹرین کی بحالی کے بعد، عوامی سفر کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیاں بھی دوبارہ تیز ہوں گی، اور اس کے ذریعے مختلف علاقوں کے لوگوں کو آسانی سے سفر کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم کرنے اور عوام کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔
انشاءاللّٰہ، خوشحال خان خٹک ایکسپریس اپریل 2025 کے آخر میں اپنے سفر کا دوبارہ آغاز کرے گی، اور یہ ایک نئی امید اور ترقی کی علامت بنے گی۔