اپریل 6, 2025 8:58 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

سڑکوں کی خستہ حالی یا غفلت؟ شانگلہ میں گاڑی کے کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
زخمی کو مزید طبی امداد کے لیے سوات کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ (فوٹو: گوگل)

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے مقامی سیاحوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں بشام سوات روڈ پر کار کھائی میں جا گری اور حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق، جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔

نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو 1122 کے ترجمان رسول خان شریف نے کہا ہے کہ حادثہ مٹہ اغوان کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک کار بشام سے سوات جاتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں چار سیاح موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو الپوری ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایچ او الپوری محمد عارف خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسن خان، جواد خان، محمد عمیر اور حماد خان کے ناموں سے ہوئی ہے، جب کہ زخمی شخص دلاور خان ہے۔ ان تمام افراد کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کے علاقے نواب پور سے بتایا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی کو مزید طبی امداد کے لیے سوات کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جب کہ لاشوں کو آبائی علاقے روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ریسکیو ٹیم نے حادثے کی شکار گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک کے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ناقص سڑکوں کے باعث ایسے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی شانگلہ کے علاقے کوٹکے میں ایک جیپ پھسلن اور بارش کے باعث کھائی میں گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس