اپریل 6, 2025 11:44 شام

English / Urdu

Follw Us on:

عظمیٰ بخاری کا چولستان کینالز منصوبے پر سندھ کو جواب، “سیاست نہ کریں، منصوبہ صدر سے منظور شدہ ہے”

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
کے پی حکومت نے رمضان پیکج کے نام پر 10 ارب پارٹی میں بانٹ دیے:عظمیٰ بخاری کا بیرسٹر سیف کے بیان پر  ردعمل( فائل فوٹو)

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چولستان کینالز کے منصوبے پر سندھ میں صرف سیاست کی جا رہی ہے، جب کہ منصوبہ صدرِ پاکستان سے باقاعدہ طور پر منظور شدہ ہے اور اس پر ان کے دستخط موجود ہیں۔

نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتیں، لیکن نہری منصوبے کا حل جلسوں اور بیان بازی سے ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کسی سے لڑائی نہیں، لیکن وہاں سے مسلسل گولہ باری کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ صوبے سے کرپشن کی داستانیں سامنے آ رہی ہیں۔ گنڈاپور خود اعتراف کر چکے ہیں کہ 75 کروڑ روپے پارٹی پر لگا دیے، ان کی اپنی جماعت ان پر کرپشن کے الزامات لگا رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چترال میں قومی جنگلات میں 866 کروڑ روپے اور پنشن فنڈ میں 36 ارب روپے کی کرپشن سامنے آئی، جب کہ کے پی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کے دستانے خریدے، جو ہسپتالوں میں موجود ہی نہیں۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عظمیٰ بخاری کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کینالز منصوبے کے میٹنگ منٹس من گھڑت ہیں، ان میں کسی بھی جگہ “منظوری” کا لفظ نہیں ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عظمیٰ بخاری کو آئین پڑھنا آتا ہے؟ صدر سے منظوری لینے کا آئین میں کوئی ذکر نہیں۔

شرجیل میمن نے الزام لگایا کہ یہ سب کچھ پنجاب حکومت کا پیپلز پارٹی کے خلاف ایجنڈا ہو سکتا ہے، جب کہ پیپلز پارٹی اس معاملے پر سیاست نہیں کر رہی۔

واضح رہے کہ دریائے سندھ سے مجوزہ 6 نئی نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی شدید احتجاج دیکھنے میں آیا۔

نواب شاہ کے علاقے سکرنڈ سے حیدرآباد تک دریائے سندھ بچاؤ تحریک کے بیداری مارچ کا انعقاد کیا گیا، جب کہ نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور دادو میں بھی سول سوسائٹی اور شہریوں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالی گئیں تو سرسبز سندھ بنجر ہو جائے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس