گذشتہ روزشہر قائد کے علاقے فقیرا گوٹھ پریشان چوک، تھانہ سائٹ سپر ہائی وے میں ہونے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں حاملہ خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں خاتون کے قتل میں خاوند کی کہانی من گھڑت منظر عام پر آئی ہے۔
ابتدائی طور پر شوہر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ کہیں جا رہے تھے جب انہیں ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا، جس دوران ملزمان نے فائرنگ کی اور خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ تاہم، پولیس نے جائے وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا جس سے یہ شبہ پیدا ہوا کہ واقعہ کے محرکات کچھ اور ہی ہو سکتے ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ابتدائی طور پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے دفعات شامل کر لیے تھے، تاہم تحقیقات جاری رہیں۔ تفتیش کے دوران نئے شواہد اکٹھے ہوئے، جن سے واضح ہوا کہ یہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں تھا اور شوہر کی جانب سے بتایا گیا جائے وقوعہ بھی درست نہیں تھا۔
پولیس نے مزید تحقیقات کے بعد شوہر کے کردار کو مشکوک جانا اور اُسے تحویل میں لے لیا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ہلاکت گھر میں ہوئی تھی اور اسے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے ہلاکت میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا۔
اس واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور شوہر کو مزید تفتیش کے لیے شعبہ تفتیش ضلع شرقی کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ شعبہ تفتیش کے افسران اس کیس کی مزید تحقیقات کریں گے، تاکہ ہلاکت کے حقیقی محرکات اور دوسرے پہلوؤں سے متعلق مزید شواہد اکٹھا کیے جا سکیں اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔