Follw Us on:

حافظ نعیم الرحمن کا فلسطینیوں کے حق میں 11 اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ  کرنے کا اعلان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
حافظ نعیم الرحمن کا فلسطینیوں کے حق میں 11 اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ  کرنے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی پاکستان، حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک  اور عید کے موقع پر بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم میں کوئی کمی نہیں آئی ، انہوں نے 11 اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان  نے لاہور میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ 11 اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کریں گے، 13 اپریل کو کراچی اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں مارچ کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کی دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی امریکہ ہے، جو انسانی حقوق کے دعوے کے باوجود فلسطینیوں کے حقوق کے خلاف کام کر رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک خاص طور پر امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی طاقتیں فلسطین میں قتل عام کے خلاف خاموش ہیں اور اس عالمی خاموشی کے باعث فلسطینیوں کی حالت زار پر پردہ ڈال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اندر اور یورپ میں کئی بار احتجاج ہوئے ہیں، لیکن عالمی طاقتوں کی خاموشی فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کو جاری رکھنے کی وجہ بن رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کی خاموشی کو بھی فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافے کا سبب قرار دیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مسلم ممالک کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی حمایت کو مسترد کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔

انہوں نے فلسطین کے مسئلے کو صرف ایک جغرافیائی یا سیاسی مسئلہ نہ سمجھتے ہوئے اسے ایک اسلامی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے لیے فلسطین کا مسئلہ ایک ایمانی معاملہ ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور یہ اس کا اصولی موقف ہے جو قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اپنایا تھا۔

حافظ نعیم الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن کو اس مسئلے پر اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر فلسطین کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی سیاست کو فلسطین کے مسئلے پر یکجہتی دکھانی چاہیے اور ہر مسلمان ملک کو فلسطینی عوام کی مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس عالمی مسئلے پر اپنی پوزیشن واضح کرے اور اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے۔ جماعت اسلامی اس مہم کو عالمی سطح پر بھی پھیلائے گی اور عالمی تنظیموں، ڈاکٹرز اور پارلیمنٹرینز کو ساتھ لے کر ایک عالمی تحریک شروع کرے گی تاکہ فلسطینی عوام کی حمایت میں عالمی سطح پر دباؤ ڈالا جا سکے.

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس