پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے مقام پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا جس میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہو گے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 5 سے 6 اپریل کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل کے جنرل علاقے میں عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو پکڑ لیا، جو پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور کارروائی کے دوران 8 خوارج مارے گئے جبکہ دراندازی کی کوشش میں 4 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مؤثر بارڈر منیجمنٹ کا مطالبہ کرتا آیا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی۔
آئی ایس پی آرنے بتایاکہ توقع ہے افغان حکومت پاکستان کیخلاف افغان سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی، سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کےلیے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاک افغان سرحد سے دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج سرحدوں کی حفاظت کےلئے ہر لمحہ چوکنا ہیں،سکیورٹی فورسز کے جوان بہادری سے دشمن کے ہر وار کو ناکام بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن کی حفاظت کیلیے اپنی جانیں داؤ پر لگانے والوں کو پوری قوم کا سلام ہے۔