اپریل 9, 2025 10:13 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

جنوبی پنجاب میں غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، سینکڑوں نایاب پرندے اور جانور برآمد

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
غیر قانونی وائلڈ لائف سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 1107 پر دیں۔ (فوٹو: گوگل)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر جنوبی پنجاب میں غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیوں کے خاتمے کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا کومبنگ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے گودڑی مارکیٹ، برڈ مارکیٹ اور کبوتر منڈی ملتان پر چھاپے مارے جن کے دوران سینکڑوں نایاب پرندے اور جانور برآمد کیے گئے، جب کہ 8 ٹرک تحویل میں لے لیے گئے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق برآمد ہونے والے پرندوں میں را طوطے، چکور، مور اور فیزنٹ شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد نے چھاپہ مار ٹیم پر مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کی اور تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جب کہ 40 سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث دیگر ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ کارروائی پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ ترمیمی بل 2025ء کے تحت کی گئی، جس کے مطابق وائلڈ لائف کا غیر قانونی کاروبار ناقابلِ ضمانت جرم ہے اور اس پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کامیاب آپریشن پر محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ “آپ نے بہادری سے فرض ادا کیا، آپ سب قابلِ تحسین ہیں۔”

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی شدید مزاحمت کے باوجود قانون پر عملدرآمد کرانے پر ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ غیر قانونی وائلڈ لائف منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سینئر وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی وائلڈ لائف سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 1107 پر دیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس