جڑانوالہ میں اڈہ لنڈیانوالہ کے قریب تیز رفتار مسافر بس اور رکشہ میں ہونے والے تصادم میں آٹھ افراد جاں بحق، جبکہ آٹھ شدید زخمی ہوگئے ۔
خوفناک حادثہ جڑانوالہ میں تھانہ لنڈیانوالہ کے سامنے پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاندان عید کی چھٹیاں آبائی گاؤں گزار کر واپس دو لوڈر رکشوں میں گھر جارہے تھے، اسی دوران لاہور جانے والی تیز رفتار بس نے دونوں رکشوں کو کچل دیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل رکشہ کے ڈرائیور سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں سے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں رکشہ ڈرائیور اور سات خواتین جاں بحق ہوئیں۔ پانچ افراد نے موقع پر ہی دم توڑا جب کہ تین زخمی ہسپتال میں چل بسے۔
آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے کہا کہ حادثہ میں ہونے والے زخمیوں کو ہسپتال میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر افسران جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور ٹریفک حادثہ کی ہر پہلو سے تفتیش کریں۔