وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عوام کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچے۔
وزیراعظم نے میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عوام تک منتقل کرنے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند دن قبل حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ کی کمی کی تھی اور اسی طرح قیمتوں میں مزید کمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا جس کی مدد سے حالیہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ممکن ہو پائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات پر کام جاری ہے تاکہ عوام کو مسلسل فائدہ پہنچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے میری ٹائم سیکٹر میں بھی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے طویل ساحل، سمندر اور دیگر لامحدود وسائل عطا کیے ہیں، جو عالمی معیشت کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی بندرگاہوں کو عالمی معیار کے مطابق مسابقتی بنانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے بندرگاہوں پر موجود کنٹینرز کو جلد نیلام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام بندرگاہوں پر جدید ترین اسکینر کی تنصیب کی رفتار کو تیز کیا جائے گا تاکہ اس شعبے میں مزید کارکردگی لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی اور ان اصلاحات کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں استحکام لایا جائے گا۔