یورپ میں واقع ایک منفرد ملک “لبرلینڈ” دنیا بھر میں اپنی انفرادیت کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ یہ ملک نہ صرف ٹیکس فری ہے بلکہ آن لائن شہریت فراہم کرتا ہے، جہاں کوئی مستقل رہائش پذیر نہیں، پھر بھی مکمل نظام حکومت، آئین اور قومی اسمبلی موجود ہے۔
پاکستان میٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں موجود لبرلینڈ کے سفیر نے بتایا کہ لبرلینڈ دنیا کا واحد ملک ہے جو شہریوں کو آن لائن شہریت فراہم کرتا ہے۔ اس کا ویزا پراسیس نہایت آسان، تیز اور کم خرچ ہے، جس کے ذریعے کسی بھی فرد کے لیے اس ملک کی سیر کرنا ممکن ہے۔ لبرلینڈ دریائے ڈینیوب کے مغربی کنارے پر واقع ہے، جو کروشیا اور سربیا کے درمیان ایک خودمختار ریاست کے طور پر قائم ہے۔ اس خطے کو بعض نقشوں میں “گورنجاسیگا” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ قریبی اہم شہر کروشیا اور بیکی مونسٹر (سربیا کا خودمختار صوبہ) ہیں۔
لبرلینڈ کے سفیر نے بتایا کہ یہاں کا پورا حکومتی ڈھانچہ فعال ہے، اگرچہ ابھی کوئی مستقل آبادی وہاں مقیم نہیں۔ اس ریاست نے خود کو آزاد جمہوریہ کے طور پر متعارف کروایا ہے اور اس کا مستقبل میں یورپ کے بڑے ممالک میں شامل ہونے کا خواب ہے۔
پاکستانی طلباء کے لیے لبرلینڈ میں تعلیم حاصل کرنے کے کئی مواقع موجود ہیں۔ سفیر کے مطابق، لبرلینڈ کی ایک ورچوئل یونیورسٹی فعال ہے جو پاکستانی طلباء کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ اس یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے طلباء میں سے 50 فیصد کو اسکالرشپ کی صورت میں فیس کی واپسی کی سہولت دی جاتی ہے۔ یہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے یورپ کی ڈگری حاصل کرنے کا ایک سنہرا موقع ہے۔
سفیر کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں لبرلینڈ دنیا بھر میں ایک اہم مقام حاصل کرے گا اور اس کا اثر و رسوخ عالمی سطح پر محسوس کیا جائے گا۔