Follw Us on:

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم: معدنی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے اعلیٰ سطحی وفود شرکت کر رہے ہیں۔ اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، اور مختلف ممالک کے وفود کے ہمراہ اس اہم ایونٹ میں شریک ہوئے۔ امریکہ، چین، سعودی عرب، روس، فن لینڈ اور ترکی سمیت کئی ممالک کے نمائندے اس فورم میں موجود ہیں۔ امریکی وفد کی قیادت ایرک مائر کر رہے ہیں، جب کہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا کر عالمی مالیاتی اداروں، خصوصاً آئی ایم ایف پر انحصار ختم کر سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فورم کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا اور ملک میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مزید پڑھیں: امریکی وفد کا اسلام آباد دورہ کیا اثرات مرتب کرے گا؟

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، اور تمام معاشی اشاریے مثبت سمت کی عکاسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن ان وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بھرپور سرمایہ کاری ضروری ہے۔ اسحاق ڈار نے نوجوان آبادی کو ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔

وزیر تجارت جام کمال نے بلوچستان کو معدنی ذخائر سے مالا مال صوبہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت اس اعتماد کی غماز ہے جو دنیا پاکستان کے معدنی شعبے پر رکھتی ہے۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور آزاد کشمیر بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے قوانین کو آسان بنا رہی ہے تاکہ مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی کوششوں سے ملک میں زرمبادلہ میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، جسے عالمی اداروں جیسے موڈیز اور فیچ نے بھی سراہا ہے۔

بیرک گولڈ کمپنی کے سی ای او مارک برسٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے لحاظ سے ایک منفرد ملک ہے، اور ریکوڈک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کمپنی مقامی آبادی کے لیے صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے بھی شروع کرے گی، اور چھوٹے کاروباروں کے فروغ میں بھی بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 ایک اہم قدم ہے جو ملک کے قدرتی وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے راہ ہموار کرے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس