Follw Us on:

غزہ احتجاج: کراچی میں کے ایف سی پر توڑ پھوڑ کے الزام میں 10 افراد گرفتار

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دس افراد کو حراست میں لے لیا۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں مشتعل افراد نے ایک نجی ریسٹورینٹ (کے ایف سی) کو توڑ پھوڑ کا نشانا بنا ڈالا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ساؤتھ پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

مشتعل افراد نے ریسٹورینٹ کے مرکزی دروازے اور شیشے کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دس افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں سے ایک شخص کے قبضے سے ہتھوڑا بھی برآمد ہوا۔

پولیس نے فوری طور پر صورتِ حال پر قابو پا لیا اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ریسٹورینٹ کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں گزشتہ روز پیش آیا، جہاں عالمی فاسٹ فوڈ چین کے آؤٹ لیٹ پر توڑ پھوڑ کی کوشش کی گئی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کو بتایا کہ تقریباً 40 افراد، جنہوں نے لاٹھیاں اور پتھر لے رکھے تھے، کورنگی روڈ پر واقع کینٹکی فرائیڈ چکن (کے ایف سی) کی برانچ پر حملہ آور ہوئے۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے ہجوم منتشر کر دیا گیا اور 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ حملے کا مقصد غزہ میں امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج تھا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دیگر مظاہرین اور ان کے منتظمین کا تعاقب کیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس افسران کے مطابق اس طرح کے واقعات دنیا بھر میں ہو رہے ہیں، خاص طور پر بنگلہ دیش اور دیگر مسلم ممالک میں جہاں سوشل میڈیا کے ذریعے مظاہرین کو اکسایا جاتا ہے۔

اس دوران کراچی کے بہادر آباد علاقے میں بھی گزشتہ روز ایک اور کے ایف سی برانچ پر پتھراؤ کیا گیا۔ بہادر آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر نوید سومرو نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہاں سے ایک ریلی گزر رہی تھی، تاہم اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ایف آئی آر کے مطابق برانچ منیجر سعد گل نے بتایا کہ رات 11:35 پر کچھ افراد ریسٹورنٹ بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حملہ آور ہوئے اور شیشے کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اس واقعے کے بعد کراچی میں عالمی ہڑتال کی کال پر تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 50,695 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس