پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا کے وفد کے سربراہ ایریک میئر سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات کی نئی جہتوں پر گفتگو کی گئی۔
ایریک میئر، جو امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ہیں، انہوں اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔ ان کے ہمراہ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دہشت گردی، سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیل سے بات چیت کی۔
ایریک میئر نے پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خلاف جاری جنگ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔
اس حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اپنی دلی تعزیت بھی پیش کی۔
مزید پڑھیں: آئی آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان، کون کون شامل ہیں؟
پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ میں مزید ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے ذریعے امریکی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کر رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ مہینے اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ کاونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کے انعقاد پر بھی بات کی جس کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایریک میئر کو دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں سے آگاہ کیا جس پر ایریک میئر نے خاص طور پر مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔