Follw Us on:

وزیرِاعلیٰ سندھ کا پاکستان اسٹیل ملز کے مسائل کے حل کے لیےاقدامات کا اعلان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرنا چاہتی ہے۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس وزیرِاعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں اسٹیل ملز کی موجودہ صورتحال، ملازمین کے مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ادارے کی بحالی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ضیاء الحسن لنجار، شاہد تھہیم، سعید غنی، وقار مہدی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری لیبر رفیق قریشی، سی ای او واٹر بورڈ احمد صدیقی، سی او او واٹر بورڈ اسد اللہ خان، سی ای او اسٹیل ملز اسد اسلام مہانی، کنوینر پاکستان اسٹیل گرینڈ الائنس شمشاد قریشی اور پاکستان اسٹیل آل ایمپلائیز گرینڈ الائنس کے اراکین نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرنا چاہتی ہے اور ملازمین کے مسائل کا مستقل حل اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین اسٹیل ملز شمشاد قریشی نے ادارے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جبکہ سی ای او اسد اسلام مہانی نے بتایا کہ نئی اسٹیل مل کے لیے کمرشل اسٹڈی جاری ہے۔

اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بند کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی سطح پر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ وہ حال ہی میں برطرف کیے گئے 1370 ملازمین کی بحالی کے لیے وزیراعظم سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے 49 انٹرن شپ ملازمین اور 2020-21 میں نکالے گئے ہنر مند کارکنان کی بحالی کے لیے بھی سفارش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اسٹیل ٹاؤن میں پانی کی فراہمی بند ہونے پر وزیراعلیٰ نے واٹر بورڈ کو فوری بحالی کی ہدایت دی اور چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ واٹر بورڈ اور اسٹیل مل انتظامیہ کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیل ٹاؤن کے اسکولوں، کالجوں اور 100 بستروں پر مشتمل اسپتال کو بھی فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی اور اعلان کیا کہ اب ان اداروں کا انتظام سندھ حکومت سنبھالے گی۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا ٹیکساس، جدہ اور دوحہ طرز پر لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی بنانے کا فیصلہ

اس موقع پر یونین نمائندوں نے بجلی کے اضافی چارجز کی شکایت کی، جس پر وزیراعلیٰ نے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔ سی ای او اسٹیل ملز نے آگاہ کیا کہ 30 ملین روپے کے بل میں سے صرف 12 ملین روپے وصول ہوئے ہیں، جبکہ بجلی 60 روپے فی یونٹ کے کمرشل ریٹ پر خریدی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حال ہی میں شہید ہونے والے اسٹیل ملز کے ملازم سلیم خشک کے خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا اور برطرف ملازمین کو واجبات کی ادائیگی نہ ہونے تک ملازم تصور کرنے کی ہدایت بھی دی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس