پاکستان میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم تیز ہوگئی ہے، کراچی میں انٹرنیشنل فوڈ چین کے ایف سی پر نامعلوم افراد کی توڑ پھوڑ کے بعد کے ایف سی نے ڈائنگ کی سروس معطل کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد میں واقع کے ایف سی اور ڈومینو پیزہ پر مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا تھا، جس کے نتیجے ریسٹورنٹ کے شیشے اور املاک کو نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد کے ایف سی نے بہادر آباد اور ڈیفنس میں ڈائنگ سروس معطل کردی۔
ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا کا کہنا ہے کہ ڈنڈا بردار جتھے کی جانب سے املاک کو نقصان پہنچایا گیا، واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جب کہ اشتعال انگیزی میں ملوث افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، باقی ملزمان ک تلاش جاری ہے۔ دونوں فوڈ چین کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعنیات کردی گئی ہے۔
ضلع گڈاپ میں بھی مشتعل افراد نے کے ایف سی پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے اس کارروائی کو ناکام بنادیا، ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق انٹرنیشنل برانڈز کے تمام فرنچائز کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے، مزید 35 افراد شہید
انٹرنیشنل برانڈز کے فرنچائز کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ ضلع بھر کے تمام تھانوں کی حدود میں پولیس پٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس تخریب کاری میں ملوث 9 شرپسند وں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے خلاف زور پکڑ رہی ہے۔ اسی سلسلے میں شہر بھر کے بڑے بریانی سینٹرز اور ریسٹورنٹ پر لگے ہوئی غیر ملکی مشروبات کے سائنگ بورڈز بھی مالکان نے ہٹانا شروع کردیے ہیں، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید یہ کہ گزشتہ ہفتے گلشن اقبال میں بھی ایک انٹرنیشنل فوڈ چین کے سامنے نوجوانوں نے پرامن مظاہرہ کیا تھا۔