پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پروٹیز کھلاڑی کوربن بوش کے پی ایس ایل کھیلنے پر ایک سال تک کی پابندی عائد کردی۔
پی سی بی کے مطابق کوربن بوش پاکستان سپر لیگ کا اگلا ایڈیشن کھیلنےکے اہل نہیں ہوں گے، پی ایس ایل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر پروٹیز کھلاڑی کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے، جنوبی افریقی آل راؤنڈر پر مالی جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے نان ڈسکلوزر ایگریمنٹ کی وجہ سے جرمانےکی رقم بتانے سےگریز کیا ہے اور پروٹیز کھلاڑی نے جرمانہ اور سزا قبول کرلی ہے۔
پروٹیز کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیے پر شرمندہ اور پاکستانی فینز سے معذرت خواہ ہیں، وہ پشاور زلمی کے فینز کو مایوس کرنے پر معافی مانگتے ہیں اور وہ اپنے عمل کی تمام تر ذمہ داری اور اس پر سزا کو قبول کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک سخت سبق تھا، لیکن میں اس تجربے سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہوں، امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں ایچ بی ایل پی ایس ایل میں نئی لگن اور شائقین کے اعتماد کے ساتھ واپسی کر سکوں گا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: کون سا میچ کب اور کہاں ہو گا؟
واضح رہے کہ 30 سالہ کوربن بوش کو پشاور زلمی نے 13 جنوری کو لاہور میں ہونے والے پلیئر ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔
یاد رہے کہ پروٹیز کھلاڑی نے پی ایس ایل پر آئی پی ایل کو فوقیت دیتے ہوئے ممبئی انڈینز میں شمولیت اختیار کی ہے اور پی سی بی کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔