پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن 10 کے آغاز سے چند گھنٹے قبل پشاور زلمی کے کپتان اور پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم اچانک ایک تربیتی سیشن کے دوران زخمی ہو گئے جس کے بعد ان کی PSL میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو اسلام آباد میں جاری زلمی کے پریکٹس سیشن میں اچانک ایک تیز گیند پاؤں پر آ لگی۔ ویڈیو فوٹیج جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر شدید تکلیف میں مبتلا ہیں اور لنگڑاتے ہوئے ڈریسنگ روم کی طرف جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی نے ماہرہ خان کے بعد جنت مرزا کو سوشل میڈیا ایمبیسیڈر مقرر کر دیا
پشاور زلمی کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا جس نے مداحوں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بابر اعظم نہ صرف زلمی کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں بلکہ ان کی موجودگی ٹیم کے حوصلے کو بھی بلند رکھتی ہے۔ ان کی عدم موجودگی کا مطلب زلمی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ بابراعظم کو حالیہ نیوزی لینڈ کے دورے میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے باہر رکھا گیا تھا تاہم وہ ون ڈے ٹیم کا حصہ تھے جہاں پاکستان کو 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
PSL 10 کا آغاز آج 11 اپریل سے ہونے جا رہا ہے جس کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اب سب کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ کیا بابر اعظم میدان میں واپس آئیں گے یا زلمی کو اپنے کپتان کے بغیر ہی ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا پڑے گا؟