وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اناطولیہ میں ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکیہ تعلقات محض سفارتی ہی نہیں بلکہ عقیدت،محبت اوراعتماد پر مبنی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ترکیہ میں ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے اناطولیہ ایئر پورٹ پہنچیں، جہاں پر ڈپٹی گورنر پروفیسر ڈاکٹر سعد سید اوغلو نے ان کا استقبال کیا۔
اناطولیہ میں آمد کے فوراً بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوآن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے ترکیہ کے سابق نائب صدر اوراے کے پارٹی کے نائب چیئرمین فواداقطائے اوردیگر سرکردہ رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔
مریم نواز نے ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پاکستان اور ترکیہ تعلقات محض سفارتی ہی نہیں بلکہ عقیدت، محبت اور اعتماد پر مبنی ہیں۔
انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوآن کی جانب سے دئیے گئے خصوصی عشائیہ میں بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ترکیہ کی خاتون اول محترمہ ایمنہ اردوآن کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کر رہی ہیں۔
اناطولیہ ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈپٹی گورنر ڈاکٹر سعدسید اوغلو اور دیگر حکام نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا اور اناطولیہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب آج کانفرنس سے خطاب کریں گی۔ ڈپلومیسی کانفرنس کا عنوان ‘تقسیم دنیا میں مستقبل کی تعمیر، تعلیم! تبدیلی لانے کی ایک طاقت’ رکھا گیا ہے۔
مریم نواز صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی حکومت کے اقدامات اور اپنی جماعت کے منشور پر روشنی ڈالیں گی۔
مزید پڑھیں: بیلا روس کی 15 ہزار ہنر مند پاکستانی کارکنوں کی میزبانی کی پیشکش : شہباز شریف کا صدر الیگزینڈر کا اظہار تشکر
مزید یہ کہ انہوں نے استقبال کے لیے آمد اور مہمان نوازی پر ترکیہ کی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی مریم نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔