April 13, 2025 10:23 am

English / Urdu

Follw Us on:

فوجی فرٹیلائزرز کمپنی تھر کے کوئلے سے کھاد بنائے گی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تھر کے کوئلے سے کھاد بنانے کے منصوبے پر لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس منصوبے پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے وفد نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی سندھ حکومت کے تعاون سے تھر کے کوئلے سے کھاد تیار کرنے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے کاشتکاروں کو معیاری اور سستی کھاد میسر آئے گی، جو زرعی شعبے کی ترقی میں مددگار ثابت ہو گی۔

فوجی فرٹیلائزر کے وفد نے منصوبے کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی اور ان مراحل میں درپیش مشکلات کے حوالے سے حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔ اس پر صوبائی وزیر توانائی اور معاون خصوصی قاسم نوید قمر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق عوامی فلاح کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر ممکن سہولت اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔

ناصر حسین شاہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس اہم منصوبے میں مکمل طور پر آن بورڈ ہیں، اور اس کی جلد تکمیل کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی سطح پر اگر منصوبے میں کوئی مشکلات آئیں تو ان کے حل کے لیے بھی مکمل کوشش کی جائے گی، کیونکہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس