April 13, 2025 12:10 am

English / Urdu

Follw Us on:

المناک حادثہ: ایک ہی خاندان کا سیر و تفریح کا سفر سانحے میں بدل گیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
المناک حادثہ: ایک ہی خاندان کا سیر و تفریح کا سفر سانحے میں بدل گیا

نیویارک  میں ایک سیاحتی ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں سوار تمام چھ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک ہسپانوی خاندان اور ہیلی کاپٹر کا پائلٹ شامل تھا۔

عالمی نشریاتی ادارے سی این این  کے مطابق ہیلی کاپٹر نے مین ہٹن کے ایک ہیلی پورٹ سے پرواز بھری اور حسب معمول راستے پر روانہ ہوا، جو مجسمۂ آزادی کے گرد چکر کاٹتے ہوئے دریائے ہڈسن کے ساتھ ساتھ جارج واشنگٹن پل تک جاتا ہے۔ پرواز کے 16 منٹ بعد ہی، ہیلی کاپٹر نیو جرسی کے قریب پانی میں گر کر تباہ ہو گیا۔

عینی شاہدین نے سی این این کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر نےپہلے توازن کھو یا، الٹا ہوا اور پھر پانی میں گر گیا۔ ایک عینی شاہد سارہ جین ریمونڈ کے مطابق، پروپیلر ہیلی کاپٹر سے الگ ہو گیا اور اکیلا ہوا میں گردش کرتا رہا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 49 سالہ اگسٹن اسکوبار، ان کی اہلیہ مرسے کمپرُوبی مونتال، ان کے دو بیٹے (4 اور 11 سال کے) اور ایک بیٹی شامل ہے ۔

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے تصدیق کی کہ یہ خاندان اسپین سے آیا تھا۔ جرسی سٹی کے میئر اسٹیون فلوپ نے بتایا کہ خاندان مرسے کی سالگرہ منانے نیویارک آیا تھا۔

سیمنز موبیلیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اپنے اعلیٰ عہدیدار اگسٹن اسکوبار اور ان کے خاندان کے سانحاتی انتقال پر گہرا دکھ ہے۔ مرسے کمپرُوبی سیمنز انرجی میں عالمی سطح پر کام کر رہی تھیں۔

اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے بھی اس حادثے کو ناقابلِ تصور المیہ قرار دیتے ہوئے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مرسے کمپرُوبی کا تعلق اسپین کے معروف اسپورٹس خاندان سے تھا ان کے دادا اور پردادا دونوں ایف سی بارسلونا کے صدر رہ چکے ہیں۔

ہیلی کاپٹر کے پائلٹ سیانکیز جانسن کی عمر 36 سال تھی۔ انہیں اگست 2023 میں کمرشل ہیلی کاپٹر اڑانے کا لائسنس ملا تھا اور وہ 788 پرواز گھنٹے مکمل کر چکے تھے۔ ان کے دوست اور ساتھی پائلٹ میٹ کلیر کے مطابق، وہ ایک ماہر اور نیک انسان تھے۔

حادثے کی تحقیقات نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی زیر نگرانی جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے ویڈیو شواہد اور تکنیکی معلومات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس