اپریل 11, 2025 3:45 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے حکومتی مہم کا آغاز

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
charging station for electric vehicle
فائل فوٹو / گوگل

حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں روایتی ایندھن کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں کا چلن عام کرنے کی غرض سے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکومت پاکستان نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے قیمتوں میں 44 فیصد کمی کا اعلان کر دیا، جس سے فی یونٹ قیمت کم ہو کر 39.70 روپے ہو گئی۔ قوانین کے تحت اب چارجنگ اسٹیشنز کے اجازت نامے صرف 15 دنوں میں حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف سفری اخراجات میں کمی لائے گا بلکہ نئے کاروباری مواقع پیدا کرے گا، آلودگی کم کرے گا، اور اربوں کا زرمبادلہ بچائے گا۔

منگل کے روز وزیر توانائی اویس لغاری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نہ پاور شٹیشنز ہیں نہ ہی بیٹری ہے۔ بجلی مہنگی ہے، حکومتی اصلاحات کے ثمرات مل رہے ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں بھی کمی آ رہی ہے، گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کیلئے ٹیرف 45 فیصد کم کردیا ہے، چارجنگ اسٹیشنز کا ٹیرف 71 روپے 10 پیسے سے کم کر کے 39 روپے 70 پیسے کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ای چارجنگ اسٹیشنز کے قواعد و ضوابط بنا رہے ہیں، صنعتی اور اقتصادی زونز کا طریقہ کار تبدیل کر دیا ہے، الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، چند ماہ میں خطے کی سستی ترین بجلی فراہم کریں گے۔


ای چارجنگ سٹیشنز کے قیام پر بات کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ اب محلے کی سطح پر کھوکھے جیسی دکان میں بھی چارجنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے، ای وہیکلز کے لیے چارجنگ سٹیشننز کے لیے قواعد و ضوابط بھی تیار کر لیے ہیں، اب ای پورٹل کے ذریعے صرف 15 دنوں میں چارجنگ سٹیشن کھولنے کی اجازت مل جائے گی، سبھی اقدامات سے صارفین کو اربوں روپے کا فائدہ ملے گا۔

گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کو فی یونٹ 71 روپے کی بجائے اب 39.70 روپے کا ملے گا۔ اس کمی کی وجہ سے پیٹرول اور دوسرے ایندھن کے مقابلے سفری اخراجات میں تین گُنا تک بچت ممکن ہوسکے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ “پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے خصوصی 44 فیصد کم رعائیتی ٹیرف ایک تاریخ ساز پیکج ہے۔ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی، اس کے ساتھ عوام کو ماحول دوست سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔”


مزید براں حکومت کے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹس سے کی گئی ٹویٹ میں کاروباری طبقے کو متوجہ کیا گیا کہ وہ الیکٹرک وہیکلز چارچنگ اسٹیشنز کے کاروبار کی جانب آئیں۔

وزارتِ توانائی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر جاری کردہ پیغام میں دو مختلف پوسٹرز شیئر کرتے ہوئے معاملے کی تفصیل بھی بیان کی۔ وزارت توانائی نے پوسٹرز کی کپیشن میں لکھا کہ “کاروباری مواقع کی نئی راہ! ای وی چارجنگ اور بیٹری سوئپنگ اسٹیشن کے ذریعے اپنے کاروبار کو بڑھائیں۔”

وزارت توانائی کی جانب سے شیئر کردہ پوسٹرز میں کاروباری افراد کو حکومت کی جانب سے دی گئی سہولیات اور اس کاروبار سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، سرمایہ کاروں کے لئے مارکیٹ ڈریون ٹیرف اور سروس چارجز پر کوئی اضافی چارج نہیں ہوگا۔ حکومت نے اپیل کی کہ چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سوئپنگ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر کے پائیدار مستقبل کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

Power Division tweet
وزارت توانائی کی ٹوئٹ / ایکس

حکومت پاکستان نے صاف، سستی اور جدید ٹرانسپورٹ کی جانب پہلا قدم اٹھایا ہے، حکومتِ پاکستان کی الیکٹرک وہیکل پالیسی نہ صرف ایندھن کے اخراجات کم کرے گی بلکہ صاف ہوا، روزگار کے مواقع اور ایک بہتر مستقبل کی ضمانت بھی دے گی۔ آئیں الیکٹرک وہیکلز کے ذریعے آلودگی میں کمی لاکر ‘گرین پاکستان’ کے سفر کا آغاز کریں اور ایک پائیدار پاکستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس