کسی بھی ٹیم کی کامیابی کا انحصار کپتان کی قائدانہ صلاحیتوں پر ہوتا ہے۔ کرکٹ کے میدان اور خصوصاً پی ایس ایل میں کئی کپتان اپنے فیصلوں اور انفرادی کارگردگی کے باعث کئی ٹائٹل جتوا چکے ہیں۔ آئیں پی ایس ایل 10 کے کپتانوں اور ان کی کارگردگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ 3 ٹائٹلز کے ساتھ لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ شاداب خان پی ایس ایل 5 سے اسلام آباد کی کپتانی سنبھالے ہوئے ہیں۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے کل 55 میچ کھیلے جن میں سے 31 جیتے اور 24 ہارے۔ ان کی وننگ ایوریج 56.36 کی ہے۔

پی ایس ایل سیزن 9 میں شاداب خان نے نہ صرف اسلام یونائیٹڈ کو تیسری بار چیمپئن بنایا بلکہ 305 رنز اور 14 وکٹوں کے ساتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔ اس سے قبل اسلام آباد نے پی ایس ایل سیزن 1 اور تھری (3) بھی جیت رکھا تھا۔
شائقین میں خاصی مقبول ٹیم لاہور قلندرز کے موجودہ کپتان شاہین آفریدی ہیں جنہوں نے پی ایس ایل 7 میں کپتانی سنبھالتے ہی لگاتار 2 مرتبہ لاہور قلندرز کو چیمپئن بنا کر ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ شاہین صرف 21 سال کی عمر میں پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والے کم عمر ترین کپتان بنے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: چھ ایسے بالر جو سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں
شاہین کی کپتانی میں لاہور قلندرز ٹرافی کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بھی بنی۔ ان سے پہلے برینڈم مکیلم اور اے بی ڈویلئرز جیسے دنیا کرکٹ کے بڑے نام بھی لاہور قلندرز کو چیمپئن نہیں بنوا سکے۔ شاہین آفریدی کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے 34 میچ کھیلے جن میں سے 18 میں فتح یاب ہوئے، جب کہ 15 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی وننگ ایوریج 52.94 کی ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان کی کپتانی میں متحد ہے۔ رضوان پی ایس ایل 6 سے ہی ملتان سلطانز کی قیادت کر رہے ہیں۔ رضوان نے کپتانی سنبھالتے ہی ملتان سلطانز کو چیمپئن بنایا اور 4 بار فائنل کھیلا۔
ملتان سلطانز گزشتہ 3 سیزن میں رنز اپ رہی ہے۔ ان کی کپتانی میں ملتان سلطانز نے 48 میچوں میں 32 جیتے اور 16 ہارے۔ رضوان کی کپتانی میں ملتان سلطانز کی جیت کی شرح 66.66 رہی۔
پشاور زلمی کی قیادت بابر اعظم کے ہاتھ میں ہے جن کو پی ایس ایل 8 میں ٹیم کے کپتانی سونپی گئی۔ بابر کی قیادت میں پشاور زلمی نے 50 کی وننگ ایوریج کے ساتھ کل 22 میچز کھیلے جن میں سے 11 جیتے اور 11 ہارے۔ بابر کی قیادت نے پشاور زلمی کو 2 بار ٹورنامنٹ کے پلے آف تک پہنچایا لیکن بدقسمتی سے فائنل تک نہیں پہنچ سکی۔

بابر اعظم نے پی ایس ایل 9 میں بہترین بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ بابر 88 اننگز میں 45.50 کی اوسط کے ساتھ 3504 رنز بنا کر پی ایس ایل کے سب سے زیادہ رنز بنا کر سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ زلمی ڈیرن سیمی کی قیادت میں ہی ایک بار ٹائٹل جیت پائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: کون سا میچ کب اور کہاں ہو گا
کراچی کنگز مایہ ناز آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں ٹائٹل کی جنگ لڑے گی۔ گزشتہ سیزن میں شان مسعود کو کپتان بنایا گیا تھا لیکن وہ بھی متاثر نہ کر سکے۔ پی ایس ایل 9 کے 10 میچوں میں سے کنگز کی ٹیم صرف 4 میچ ہی جیت پائی۔ کراچی کنگز نے بہت سے کپتان بدلے لیکن پی ایس ایل 5 میں عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز نے واحد ٹائٹل جیتا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سعود شکیل کی قیادت میں پی ایس ایل کھیل رہی ہیں۔ سعود کو اس بار ہی کپتانی سونپی گئی ہے، ان سے پہلے سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کامیاب ترین کپتان رہے انہوں نے مسلسل 9 سیزنز میں ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیے۔ سرفراز احمد رواں سیزن گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔
سرفراز کی قیادت میں ٹیم نے کل 80 میچز کھیلے جن میں سے 38 جیتے اور 41 ہارے جبکہ ایک میچ کا کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ سرفراز کی کپتانی میں کوئٹہ کی جیت کی شرح 47.50 رہی۔ سرفراز کی قیادت میں گلیڈی ایٹرز نے پہلے 4 سیزنز میں مسلسل پلے آف تک رسائی حاصل کی اور پی ایس ایل 1، 2 میں رنر اپ رہی۔ گلیڈی ایٹرز نے واحد ٹائٹل پی ایس ایل 4 میں سرفراز احمد کی ہی کپتانی میں جیتا۔