پاکستان کی جدید ترین کارگو ایئرلائن کےٹو ایئرویز (پرائیوٹ) لمیٹڈ اور چین کی معروف رسد و تجارتی کمپنی کاشی کمرشل اینڈ ٹریڈ لاجسٹک (گروپ) کمپنی لمیٹڈ کے درمیان شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کے گے
اس موقع پر چینی قونصل خانے کراچی کے مشیر جنرل مسٹر لی یونگ اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے خصوصی شرکت کی، جبکہ دونوں کمپنیوں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کاشی گروپ کے جنرل منیجر مسٹر ہوانگ فی پینگ اور کے-ٹو ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق مجید راجہ نے کیے۔ اس شراکت داری کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور رسد کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق مجید راجہ نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کے کارگو ایوی ایشن سیکٹر میں انقلاب لانے کی طرف ایک اہم قدم ہے، اور چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاشی گروپ کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے لیے قابلِ بھروسا اور مؤثر لاجسٹک حل فراہم کیے جائیں گے۔
مسٹر ہوانگ فی پینگ نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ایک اہم مارکیٹ ہےاور کے-ٹو ایئرویز کے ساتھ شراکت داری سے سرحد پار لاجسٹک کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مشترکہ مہارت سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے درمیان ہموار تجارت اور معاشی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے اس معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی ہوا بازی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دے گا اور نئے مواقع پیدا کرے گا۔
یہ شراکت داری کے-ٹو ایئرویز کی جانب سے تجارتی خلا کو کم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ کے ذریعے ملک کی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔