سابق فاسٹ بولر اور دنیا کی تیز ترین گیند کرانے والے شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ میں راولپنڈی کی نمائندگی کے لیے نئی فرنچائز “پنڈی ایکسپریس” کی شمولیت کی بھرپور حمایت کر دی۔
شعیب اختر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی کو پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں فرنچائز کا درجہ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں کرکٹ کا جنون، شاندار تاریخ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرمار اس شہر کو فرنچائز کا حق دار بناتی ہے۔
سابق اسپیڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ ‘پنڈی ایکسپریس’ نام نہ صرف ان کی شناخت کا حصہ ہے بلکہ یہ نام شہر کے ساتھ جذباتی وابستگی اور کرکٹ کی روایت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: نوے کی دہائی کے اسٹارز نے دل تو جیتے مگر کوئی ٹرافی نہیں، محمد حفیظ
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم حالیہ سیزنوں میں پی ایس ایل کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے، جہاں ہائی اسکورنگ میچز اور شائقین کا جوش و خروش قابلِ دید ہوتا ہے، مگر راولپنڈی تاحال وہ واحد بڑا کرکٹنگ سینٹر ہے، جس کی اپنی کوئی پی ایس ایل ٹیم نہیں۔
شعیب اختر نے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے دیگر مایہ ناز فاسٹ بولرز جیسے محمد وسیم اور حارث رؤف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ ہمیشہ پاکستان کو تیز گیند باز فراہم کرتا رہا ہے۔
ان کی یہ اپیل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور کرکٹ حلقوں میں بھی اس پر بحث کا آغاز ہو چکا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کئی سابق کھلاڑی اور مداح اس مطالبے کی حمایت کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر بھی لیگ کی توسیع کے خواہاں ہیں اور فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں کے نام بھی زیرِ غور ہیں، تاہم شعیب اختر کی مقبولیت اور راولپنڈی کی کرکٹ میں اہمیت اس مطالبے کو حقیقت کا روپ دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔