پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے رواں سال کے آخر میں انڈیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے باقاعدہ کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی میگا ایونٹ میں شرکت کی اہل قرار پائی ہے۔
نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف اپنی مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کے برابر بھی آگئی۔
رن ریٹ کے فرق کی بنیاد پر بنگلہ دیش پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب ورلڈ کپ 2025 میں شرکت یقینی بنا لی ہے۔
اگرچہ ٹورنامنٹ میں اب بھی پانچ میچز باقی ہیں، تاہم ان کے نتائج پاکستان اور بنگلہ دیش کی پوزیشن میں معمولی رد و بدل تو کر سکتے ہیں، مگر کسی اور ٹیم کی کوالیفائی کرنے کی امید باقی نہیں رہی۔
مزید پڑھیں: چھکوں کی بارش مگر تماشائی غائب، پی ایس ایل کی رونق کہاں گئی؟
پاکستان ویمنز ٹیم نے کوالیفائر میں اپنے ابتدائی تینوں میچز میں شاندار فتوحات حاصل کیں، جب کہ بنگلہ دیش بھی اب تک ناقابل شکست ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا یہ 13واں ایڈیشن ہوگا، جو 29 ستمبر سے 26 اکتوبر تک انڈیا میں کھیلا جائے گا۔ بھارت چوتھی بار اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جب کہ 31 میچز پر مشتمل اس میگا ایونٹ میں آسٹریلیا ٹائٹل کے دفاع اور آٹھویں بار ٹرافی اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گا۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب ورلڈ کپ کے کسی ایڈیشن میں صرف آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، اس سے قبل 1978، 1997 اور 2013 کے ایونٹس میں بھی یہی فارمیٹ اپنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: چھ ایسے بالر جو سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں
دوسری جانب انڈیا میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے باوجود پاکستان کے میچز انڈیا میں نہیں کھیلے جائیں گے۔ گرین شرٹس کے تمام میچز کسی نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے مطابق 2027 تک پاکستان اور انڈیا کسی بھی آئی سی سی یا اے سی سی ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کے ملک میں میچز نہیں کھیلیں گے۔ اسی معاہدے کے تحت انڈین ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز دبئی میں کھیلے تھے۔