اولیاء کے شہر ملتان میں جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
پاکستان میٹرز کے نمائندے عاصم ارشاد نے مارچ کے مناظر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان اس وقت اسٹیج سے خطاب کر رہے ہیں اور عوام کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ لوگ اسٹیج کے سامنے بیٹھتے ہیں، لیکن یہاں صورتحال کچھ مختلف ہے۔ اسٹیج کے سامنے کی تمام نشستیں بھر چکی ہیں، جس کے باعث عوام اسٹیج کے پیچھے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔
خواتین، بزرگ، بچے اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود ہیں اور مارچ میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ سامنے کی جگہ مکمل طور پر پُر ہو چکی ہے، جب کہ دیگر لوگ اسٹیج کے عقبی حصے میں زمین پر بیٹھ کر تقاریر سن رہے ہیں۔
تقریب میں شوروغل ضرور ہے، مگر عوام کا جذبہ اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہارِ ہمدردی کی فضا ہر چیز پر غالب نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ غزہ یکجہتی مارچ کا تیسرا بڑا مظاہرہ ہے، پہلا لاہور، دوسرا کراچی اور اب تیسرا ملتان میں کیا جارہا ہے۔ مارچ کے شرکاء نے ثابت کیا ہے کہ وہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان پر ہونے والے ظلم کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔
عوام کی کثیر تعداد، خواتین و بچے، ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد مارچ میں شریک ہیں اور اس بات کا اظہار کر رہے ہیں کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔