بنگلورو کے لیے ایک اور شام مایوس کن ثابت ہوئی ایک اور شکست اور ایک بار پھر انہی ہاتھوں سے جنہیں کل تک وہ اپنی طاقت سمجھتے تھے۔
آئی پی ایل 2025 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ہوم گراؤنڈ بدقسمتی کی علامت بنتی جا رہی ہے جہاں وہ تیسری بار پے در پے شکست کا شکار ہوئے۔
جمعہ کی رات، بارش سے متاثرہ مقابلے میں پنجاب کنگز کے یوزویندر چہل نے اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف بہت اچھی پرفارمنس دی۔
صرف 11 رنز دے کر دو قیمتی وکٹیں، جن میں جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے راجت پٹی دار کی وکٹ بھی شامل تھی، چہل نے پنجاب کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں تھا۔ اس سے قبل گجرات کے محمد سراج اور دہلی کے کے ایل راہل، دونوں سابقہ بنگلور کھلاڑی اپنی نئی ٹیموں کے لیے چمک چکے ہیں اور بنگلور کو اُن کے ہی میدان پر دھول چٹا چکے ہیں۔
ٹاس ہارا اور اوپر سے بیٹنگ کا بحران، ٹیم صرف 95 رنز بنا سکی جس میں ٹم ڈیوڈ کی ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز ہی واحد اُمید بنی۔ مگر پنجاب کے نیہال وادھیرا نے 33 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر جیت کی راہ ہموار کی۔
آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ نے اعتراف کیا کہ ٹیم ہوم گراؤنڈ پر اپنی غلطیوں سے سیکھنے میں سست رہی۔ انکا کہنا تھا کہ “ہمیں ہوم گراونڈ میں حالات سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہونا ہوگا۔”
بنگلور اب تک اپنے تمام چاروں میچز باہر کے میدانوں میں جیت چکی ہے لیکن ہوم گراؤنڈ کی نحوست توڑنا اب ان کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اتوار کو پنجاب سے دوبارہ ٹکر میں کیا کوئی بدلا ہوا بنگلور نظر آئے گا یا کہانی ویسی ہی رہے گی؟
مزید پڑھیں: پاکستان ویمنز ٹیم نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کر لیا